مانچسٹر ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز پر آؤٹ 

مانچسٹر ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز پر آؤٹ 
مانچسٹر ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز پر آؤٹ 

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کیخلاف اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی ہے۔ شان مسعود نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 156 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اوپنر شان مسعود اور بابراعظم نے دوسرے روز 139 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ سے کھیل کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں اضافے کے بغیر ہی بابراعظم آﺅٹ ہو گئے جنہوں نے 106 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے میں ناکام رہے اور صرف 7 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی متاثرکن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور 176 کے مجموعی سکور پر صرف 9 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 

شاداب خان نے شان مسعود کیساتھ مل کر عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 100 سے زائد رنز کی شراکت داری قائم کی اور قومی ٹیم کے پہلی اننگز کے سکور کو 281 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر وہ بھی ڈومینک بیس کی گیند پرجو روٹ کا شکار ہو گئے، انہوں نے 76 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، فاسٹ باﺅلر محمد عباس کوئی سکور نہ بنا سکے جبکہ یاسر شاہ 5 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ شان مسعود نے 319 گیندوں پر 156 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور 317 کے مجموعی سکور پر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں شاہین شاہ آفریدی نے 9، عابد علی نے 16 رنز بنائے جبکہ کپتان اظہر علی اور نسیم شاہ کوئی سکور نہ بنا سکے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 20 اوورز میں 45 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سٹورٹ براڈ نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کرس ووکس نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ جیمز اینڈرسن، سٹورٹ براڈ اور ڈومینک بیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

مزید :

کھیل -