شان مسعود نے سعید انور کا 24 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز شان مسعود انگلینڈ کیخلاف مانچسٹر ٹیسٹ میچ میں پراعتماد انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنا کر انگلینڈ میں 24 سال بعد سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اوپنر شان مسعود نے انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوئے جنہوں نے 319 گیندوں پر 156 رنز بنائے اور اس طرح انگلش سرزمین پر 24 سال بعد سنچری بنانے والے پہلے اوپنر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان اور اوپنر سعید انور کے پاس تھا جنہوں نے 1996ءمیں اوول میں سنچری بنائی تھی جس کے بعد کسی پاکستانی اوپنر کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوا تھا۔ شان مسعود کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل تیسری سنچری ہے اور اس طرح وہ پاکستان کے عظیم بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ شان مسعود 2016ءکے بعد سے اب تک انگلش سرزمین پر سب سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے والے مہمان اوپنر بھی بن گئے ہیں جنہوں نے مجموعی طور 319 گیندوں کا سامنا کیا۔