لیونل میسی نے بارسلونا کوخیرباد کہہ دیا
میڈریڈ(ڈیلی پاکستان آن لائن )ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد خیر باد کہہ دیا ہے۔برطانی اخبار ڈیلی میل آن لائن کے مطابق معروف فٹ بال کلب بارسلونا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹار فٹبالر لائنل میسی کلب سے نئے معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔
میسی اور بارسلونا کے درمیان معاہدہ گزشتہ ماہ جولائی میں ختم ہو گیا تھا۔میسی نے بارسلونا کی طرف سے 778 میچوں میں حصہ لیا اور کل 672 گول کیے۔ انہوں نے بارسلونا کلب 16 اکتوبر 2004 میں جوائن کیا تھا۔بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لائنل میسی اور کلب دونوں ہی اس بات پر تیار تھے کہ میسی کلب کے لیے کھیل جاری رکھیں مگر ہسپانوی فٹبال لیگ کے قواعد میسی سے ہونے والے نئے معاہدے کے سٹرکچر کے آڑے آگئے۔کلب نے میسی کے مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔