’نوازشریف ڈھٹائی کو چھوڑے اور پاکستان واپس آکر سزا پوری کرے‘فرخ حبیب بھی بول پڑے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کرپشن پر سزا یافتہ اشتہاری نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست برطانیہ نے خارج کردی ہے، نواز شریف برطانیہ میں پہلے بھی زائد المیعاد پاسپورٹ کیساتھ بھگوڑے بن کر بیٹھے ہوئے تھے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت نے کہا کہ نوازشریف ڈھٹائی کو چھوڑے اور پاکستان واپس آکر سزا پوری کرے،پاکستان میں تمام ادارے خود مختار اور آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور طاقت ور اور کمزور کیلئے یکساں قانون کی بات کی ہے۔
فرخ حبیب نے مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اگر سچے ہیں تو خود کو نیب کے سامنے پیش کرنے سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ اگر شہباز شریف سچے ہیں تو خود کو احتساب کیلئے پیش کریں، شریف خاندان نے اداروں پر دباؤ ڈالنے،منی لانڈرنگ اور کرپشن کی نئی داستانیں رقم کی ہیں، عمران خان جب اقتدار میں نہیں تھے تب بھی خود کو احتساب کیلئے عدالتوں کے سامنے پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنی منی ٹریل عدالت کے سامنے رکھی اور سپریم کورٹ سے صادق اور امین قرار پائے، ن لیگ صرف اپنی کرپشن چھپانے کیلئے شور مچا رہی ہے،ن لیگ کے دور میں کرپشن کا بازار گرم تھا، جو جتنی کرپشن کرتا تھا اس کو اتنا ہی بڑا عہدہ دیا جاتا تھا،وزیر اعظم عمران خان نے کرپٹ مافیا سے ٹکر لی،مسلم لیگ ن کے دور میں کئے گئے مہنگے معاہدوں کا خمیازہ عوام آج تک بھگت رہے ہیں۔