جیلوں میں کوروناپھیلنے لگا،26قیدی،7وارڈروائرس میں مبتلا
لاہور(رپورٹ: یونس باٹھ)پنجاب کی جیلوں میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، سنٹرل جیل ملتان کے بعد لاہور اور شیخوپورہ کی جیلوں میں بھی 8 قیدی کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔محکمہ جیل کے حکام کے مطابق ملتان کی سنٹرل اور ڈسٹرکٹ جیل میں کئے گئے کورونا ٹیسٹ میں 8 قیدی کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے، ان آٹھوں قیدیوں کو جیل کے علیحدہ بیرک میں قرنطینہ کرکے علاج شروع کردیا گیا ہے۔پنجاب کی دیگر جیلوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 31 قیدیوں میں سے 5 صحت یاب ہوگئے، اس وقت جیل کے 26قیدی اور عملے کے 7 اہلکار کورونا وائرس کاشکار ہیں۔محکمہ جیل کے حکام کے مطابق صوبے کی دیگر جیلوں میں کورونا ٹیسٹ کا عمل شروع کیا گیا ہے تاہم ان کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پنجاب بھر کی جیلوں میں کورونا وبا کی دوبارہ شکایت ملنے کے پیش نظرقیدیوں اور حوالاتیوں کے ٹیسٹ کیلئے صوبہ بھر کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کردی ہے تاکہ اس وبا کے شکار قیدیوں اور حوالاتیوں کا بھر وقت علاج یقینی بنایا جاسکے جبکہ جیل عملے کے پہلے ہی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
جیل،کورونا