بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک،عبدالمنان خرم

بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک،عبدالمنان خرم

  

لاہور (پ ر) چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کوتین برس مکمل ہونے کے باوجود عالمی برادری بدستور چپ سادھے ہوئے ہے جو کشمیر اور خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں یونیک کشمیر سوسائٹی کے زیر اہتمام "یوم استحصال کشمیر" کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی اور کشمیری بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کی طرح آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ طور پر کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کے جا سکتے۔ چیئرمین یونیک گروپ نے کہا کہ کشمیری بھائیوں نے جس طرح کرفیو اور شہری آزادیوں پر لگی قدغنوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا ہے اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

 انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارت پر سیاسی اور سفارتی دباؤ کے ذریعے مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ یونیک گروپ اپنے طلبا کی نصابی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین لاقوامی مسائل کے حوالے سے ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سوسائٹی کے قیام کا مقصد طلبا میں کشمیر کاز سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تقریب سے ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر مینیجر پروموشنز، سپورٹس اینڈ ایڈمن پروفیسر ریاض الحق کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -