اوورسیز پاکستانی نے چیف الیکشن کمشنرکیخلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوادیا
اسلام آباد(این این آئی) اوورسیز پاکستانی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے ریفرنس دائر کردیا۔تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی اسلم ملک نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کیخلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوادیا ہے۔ریفرنس میں درخواست گزار نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں بدانتظامی کے الزامات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبران الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہٹانے کی استدعا کی۔ریفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن مس کنڈکٹ کا مرتکب ہوا، اوورسیز کو غیر ملکی قرار دے کر قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اووسیزپاکستانیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کیخلاف ہے،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران نے اپنے حلف سے روگردانی کی، ماضی میں الیکشن کمیشن نے ایسے کئی فیصلے کئے جومس کنڈکٹ میں آتے ہیں جبکہ مخصوص نشستوں پر بھی آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کوعہدے سے ہٹانے کاحکم دے۔
اوور سیز پاکستانی