بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے بین الاقوامی کی دھجیاں اڑا ئیں: پرویز الٰہی

  بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے بین الاقوامی کی دھجیاں اڑا ئیں: ...

  

      لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے قیام پاکستان کے وقت ہی سازشیں شروع کر دی تھیں۔کشمیر میں مداخلت کرکے ہندوستان نے امن کی فضا خراب کی جبکہ دوسری طرف فلسطین میں سازش کرکے امن خراب کیا گیا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے او رپاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی  90 شاہراہ قائداعظم پر یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔میں عمران خان کو تنازعہ کشمیر جنرل اسمبلی میں موثر طریقے سے اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کشمیر ی عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کا خونی رشتہ ہے۔کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی۔اب بھارتی تنظیمیں بھی کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔او آئی سی کے اہم رکن ممالک کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے۔ جب تک ہم خود کچھ نہیں کریں گے تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا۔مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن پر دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ایشو پر آواز اٹھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک نے جدوجہد آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔یاسین ملک سے جیل کے اندر غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔یاسین ملک کو ٹرائل کا بنیادی حق نہیں دیا جا رہا۔ یاسین ملک نے جیل میں بھوک ہڑتال کر رکھی ہے اور ان کی حالت خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو گھروں سے نکال کر گولیاں ماری جا رہی ہیں۔بعض جگہوں پر بھارتی فوج نے معصوم لوگوں پر گولیاں چلانے سے انکار کیا ہے اور بین الاقوامی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔ترکیہ اور پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے لئے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان آزادی کشمیر کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں پیچھے نہیں ہٹے گا۔کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کا ساتھ دیں گے۔حریت رہنما انجینئر مشتاق احمد شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد، کشمیری حریت رہنماؤں انجینئر مشتاق احمد شاہ، امتیاز اقبال وانی، اوورسیز پاکستانیز سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کا یوم استحصال کشمیر پر پیغام: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یوم استحصال کشمیرپر اپنے پیغام میں کہاہے کہ 5اگست 2019ء کو بھارت نے غیور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو زور بندوق چھینا۔بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔بھارت کے اس غیر قانونی اقدام پر کشمیری عوام اب تک سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت مسلسل آگ اور خون سے کھیل رہا ہے۔بھارت کے غیرقانونی اقدام کی ہر سطح پر شدید مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔ بین الاقوامی برادری کو کشمیری عوام کی آواز پر بیدار ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور پریس کلب کی گرانٹ 2 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دیدی: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اورسیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کی گرانٹ 2 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات کو گرانٹ کے اجرا کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صحافی کالونی کا فیز 2 بھی لائیں گے جبکہ صحافیوں کیلئے اپارٹمنٹس کی تعمیر کے منصوبے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بلاک کیلئے Possession لیٹرز خود تقسیم کرنے آؤں گا۔ صحافی بھائیوں کی فلاح و بہبود کا عمل وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا۔صحافی ہمارے بھائی ہیں، جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاشکریہ ادا کیا۔ اعظم چودھری نے کہا کہ چودھر ی پرویز الٰہی صحافی دوست وزیراعلیٰ ہیں۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ رانا محمد عظیم نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے ہمیشہ صحافیوں کا ساتھ دیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے۔  چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔ہم نے مل کر عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور ہمارے ہر اقدام کا محور غریب آدمی ہو گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت عوامی خدمت کے لئے موجود ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے پہلے دور میں بھی ڈلیور کیا اور انشاء اللہ اب بھی چودھری پرویزالٰہی عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ اول -