امام حسینؓ  کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ، حامد سعید کاظمی

 امام حسینؓ  کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ، حامد سعید کاظمی

  

ملتان(سٹی رپورٹر)سابق وفاقی وزیر مذہبی امور و سربراہ نظامِ مصطفی پارٹی مفکر اسلام صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین  نے کربلا میں سرکٹا کر حق و صداقت کا علم بلند کیا اور دین اسلام کو تاقیامت بقابخشی۔ حضرت امام حسین  کی لازوال اور عظیم قربانی صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں دنیا کے تمام مذاہب کے لیے تھی جس کے (بقیہ نمبر24صفحہ6پر)

ذریعہ انہوں نے حقیقی امن مساوات برابری اور بھائی چارہ کا درس عام کیا۔ حضرت امام حسین کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دین و دنیا سوار سکتے ہیں۔ محرم الحرام ہمیں اخوت اور اتحاد امت کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور رائل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز رمز کالج ملتان کے زیر اہتمام رمز کالج ملتان میں آٹھویں سالانہ سلام یا حسین  سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ جس کی صدارت ڈائریکٹر حج پنجاب وازرت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان ملک ریحان عباس کھوکھر نے کی جبکہ تقریب کے شرکاخاص میں سجادہ نشین دربار حضرت داود جہانیاں ملتان و رہنما پاکستان تحریک انصاف مخدوم شعیب اکمل ہاشمی،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد، ڈین رمز کالج ڈاکٹر نثار الرحمان، ڈائریکٹر رمز کالج محمد اسلم بیگ، معروف عالم دین علامہ پروفیسر عبدالماجد وٹو،سیاسی و سماجی رہنما محمد حسین بابر، محمد حسنین ایڈووکیٹ، اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے بچپن میں ہی حسنین کریمین کے جنت کے نوجوانوں کے سردار ہونے کی بشارت دی جس میں اللہ تبارک و تعالی کی رضا و مرضی شامل تھی۔ حضرت امام حسین  کی قربانی سے واضع ہوا کہ حق ہمیشہ فتح یاب ہوتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ اسوہ حسینی  ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ جس سے ہمیں حق اور سچائی کا ساتھ دینے اور ظلم و جبر کے خلاف سدا بلند کرنے کا سبق ملتا ہے۔ ڈائریکٹر حج پنجاب ملک ریحان عباس کھوکھر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے چندشرپسند عناصر اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کے لیے ہمارے آپسی اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں جن کے مقابلے کے لیے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا آج ایک مرتبہ پھر کشمیر کے عوام آج کے یزید بھارت سے کشمیر میں نبردآزما ہیں اور انشااللہ فتح ایک بار پھر حق کی ہی ہوگی۔ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی،میاں محمد ماجد، ڈاکٹر نثار الرحمان اور پروفیسر عبدالماجد وٹو نے سلام یا حسین  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا معرکہ ہے جس میں حق فتح یاب ہوا اور باطل کو شکست ہوئی درس کربلا ہمیں متحد ہونے کا سبق دیتا ہے۔محمد حسین بابر، محمد اسلم بیگ اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ نئی نسل کو واقعہ کربلا کو سمجھنا چاہیے امام عالی مقام کا پیغام عام کرنے کے لیے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے آگے آنا ہوگا۔ سیمینار سے سید محمد الیاس بخاری، ڈاکٹر ارسلان حیدر، ڈاکٹر محمد عمر، احمد اقبال سعیدی، محمد کاظم سعیدی، محمد حمزہ، حسن رضا، عبداللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا آخر میں ملکی سلامتی و استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعاکروائی گئی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -