عوامی کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے: معظم جاہ انصاری 

عوامی کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے: معظم جاہ انصاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          پشاور (کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کی زیر صدارت صوبے میں محرم الحرام کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ایڈیشنل آئی جی پی آپریشز، کمانڈنٹ ایف آر پی،سی سی پی او، ڈی آئی جی ہیڈکواٹرز، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس، اے آئی جی بم ڈسپوزل یو نٹ اوراے آئی جی آپریشنزنے بھی شرکت کی۔  اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی عمومی صورتحال کے ساتھ ساتھ بالخصوص محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس سربراہ کو صوبے میں محرم الحرام کے حوالے سے مجالس، جلوسوں اور سیکورٹی انتظامات کے بارے میں ریجنل پولیس افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس عوام کی وابستہ توقعات پر پورا ا ترتے ہوئے پر امن عاشورہ محرم کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کے قیام کے لئے پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بھر پور کوششیں کرے گی۔انہوں نے اجلاس کے شرکاکو ہدایت کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی بھائی چارے کے قیام اور شرپسند وں پر کڑی نگاہ رکھنے کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کے ذریعے فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ اعلی پولیس حکام کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر بھیجوانے سے پہلے ان کی باقاعدہ بریفنگ کریں اور ان کے تحفظ کو ہر حوالے سے یقینی بنانے کے لیے حفاظتی جیکٹس اور ضروری اسلحہ و ہتھیاروں سے لیس کرکے بھیجوائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کو ہر وقت چوکس اور مستعدرہنا ہوگا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے پہلے پہلے ناکام بنانا ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کو ہر چیلنج سے غازی بن کر نمٹنا ہوگا۔  صوبائی پولیس سربراہ نے تمام ریجنل پولیس افسران کو محرم الحرام کے دوران تعینات کی گئی نفری کو معیاری خوراک اور مناسب رہائش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔ آئی جی پی نے افسران سے محرم الحرام کے حوالے سے ان کو درپیش مسائل کے حوالے سے دریافت کیا۔ جس پر تمام افسران نے آئی جی کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہے اور تمام وسائل بروقت فراہم کئے جاچکے ہیں۔ آئی جی پی نے شرکاکو ہدایت کی کہ وہ پاک آرمی اور ایف سی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر علی الترتیب فرقہ واریت اور عسکریت پسندی جیسی عفریت کی روک تھام اور اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کاروائیوں میں مزید تیزی لائیں۔