امپورٹڈ حکمران گھبراہٹ  کا شکار ہیں‘ ظاہر شاہ طورو 

  امپورٹڈ حکمران گھبراہٹ  کا شکار ہیں‘ ظاہر شاہ طورو 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ممبر صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی واحد مقبول ترین جماعت ہے، جس کی ملک بھر میں نچلی سطح تک تنظیمی ڈھانچہ ہے، خیبر پختونخو اکے 35اضلاع میں سے 22میں پہلے مرحلے میں ضلعی سطح کی تنظیمیں بنائی جاچکی ہیں، پشاور پریس کلب میں تحر یک انصاف سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر عرفان سلیم، عاصم خان اور مردان، نوشہرہ کے تنظیمی عہدیداروں کے  ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت بن چکی ہے جس کے ڈیڑھ لاکھ عہدیدار براہ راست عوام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پارٹی قائد عمران خان کی ہدایت پر صوبائی صدر پرویز خٹک کی قیادت میں گزشتہ تین ماہ سے تنظیمی مور پر توجہ دے رہے تھے جس کا نتیجہ آج ڈیڑھ لاکھ تنظیمی عہدیداروں کی صورت میں سامنے ہے، پارٹی کے یہ تنظیمی عہدیدار ویلیج اور نیبرہوڈ کونسل کی سطح پر عمران خان کا وژن گھر گھر پہنچائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مدر پارٹی کے علاوہ تحریک انصاف کی تمام ذیلی تنظیمیں علماء ونگ، سٹوڈنٹس ونگ، لائرز ونگ،ڈاکٹرز ونگ، ٹریڈرز ونگ، کسان اور خواتین ونگ کیلئے نچلی سطح تک تنظیمی ڈھانچہ تشکیل پاچکا ہے، ملک کی سیاسی صورتحال کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران گھبراہٹ کا شکار ہیں اور مخصوص نشستوں کے لئے ضمنی الیکشن کا اعلان اسی گھبراہٹ کی عکاسی کرتا ہے لیکن تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں کرپٹ جماعتوں کو ٹف ٹائم دیگی۔پارٹی کے اندرون اختلافات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ بڑی جماعتوں میں یہ معمول کی بات ہے، تحریک انصاف کے ترجمان نے واضح کیا کہ ابھی تک کسی بھی امیدوار کے ٹکٹ کا فیصلہ نہیں ہوا، پارلیمانی بورڈ،قیادت کی ہدایت کی روشنی میں ٹکٹوں کا فیصلہ کریگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -