پاکستانی لڑکی اماراتی فضائی کمپنی کے خلاف عدالت پہنچ گئی ، بھاری جرمانہ کروا دیا

Aug 06, 2024 | 05:28 PM

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی عدالت نے ایک اماراتی فضائی کمپنی کو منسوخ پرواز کا ٹکٹ فروخت کرنے پر بھاری جرمانہ کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق سیالکوٹ کی رہائشی فاطمہ صبا نامی خاتون کی طرف سے صارف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ 
خاتون نے عدالت میں بتایا کہ اس نے فیصل آباد سے ترکیہ کے شہر استنبول جانے والی پرواز کا ٹکٹ خریدا۔ 17اپریل 2024ءکو جب وہ ایئرپورٹ پر پہنچی تو اسے معلوم ہوا کہ اس کی پرواز منسوخ ہو چکی ہے۔ خاتون نے بتایا کہ ایئرلائنز کی طرف سے اسے پرواز منسوخ ہونے کے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا اور بعد ازاں ری فنڈ سے بھی انکار کر دیا گیا۔
خاتون کی طرف سے تمام ثبوت مہیا کرنے پر عدالت کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی اس فضائی کمپنی کو ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت کی طرف سے فضائی کمپنی کو خاتون کو ٹکٹ کی تمام رقم 1لاکھ 67ہزار305روپے واپس کرنے، 50ہزار روپے عدالتی فیس کی مد میں ادا کرنے اور 15ہزار روپے دیگر اخراجات کی مد میں دینے کا بھی حکم دیا گیا۔ اس کمپنی کا نام سامنے نہیں لایا گیا۔

مزیدخبریں