طارق حسین بٹ کی کتاب ”عشقِ لازوال“ کی تقریبِ رونمائی
لاہور(فلم رپورٹر) مشہو رو معروف ادیب، شاعر اور کالم نگار طارق حسین بٹ شان کی پہلی کتاب عشقِ لازوال کی تقریبِ رونمائی کی رسم پلاک (لاہور )میں سر انجام پائی جس میں پاکستان کے نامور شعرا نے شرکت کرکے اس تقریب کو پر وقار بنا دیا ۔ اس تقریب کے انعقاد کا سہرا مجلسِ قلندرانِ اقبال کے صدر محمد ظہیر الدین بابر کے سر ہے جن کی شبانہ روز کاو شیں اس تقریب کی کامیابی کی ضمانت تھیں۔ تقریب کی صدارت مایہ ناز شاعر ادیب اور کالم نگار ڈاکٹر محمد اجمل نیازی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کا اعزا ز فلمی دنیا کی نامور شخصیت نا صر ادیب کے حصے میں آیا ۔تقر یب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہو اا ور پھر نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی ۔ اس موقع پر ٹیلیویژن اور فلم کے نامور گلوکاروں سجاد بری اور عمران شوکت علی نے کلام ِ اقبال گا کر حاضرین میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کر دیا۔نظامت کے فرائض مسز ثمرین نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں ادا کر کے ماحول میںجاذ بیت کے رنگ بکھیر دئے ۔ آج کی یہ بھر پور ،شاندار ر اور پر وقار تقریب اس بات کا برملا اعلان تھی کہ لوگوں کو کتاب سے اب بھی محبت ہے۔عوام کی بڑی تعداد نے اس تقریبِ رونمائی میں شرکت کر کے تقریب کو مزید چار چاند لگا دئے ۔