ٹیوٹاپنجاب نے پاکستان کاپہلا آن لائن لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم تیار کرلیا

ٹیوٹاپنجاب نے پاکستان کاپہلا آن لائن لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم تیار کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹا پنجاب نے دنیا کاچھٹااور پاکستان کا پہلا آن لائن لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم( ایل ایم آئی ایس) تیار کر لیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز آئندہ جنوری سے پنجاب بھر میں کر دیا جائے گا۔اس سے قبل برطانیہ ، کوریا ، فلپائن ، ملائیشیا اور سری لنکا لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم استعمال کر رہے ہیں۔ ٹیوٹا پنجاب کے تیار کردہ سسٹم کی تیاری میں ان تمام ممالک کے ایل ایم آئی ایس سے رہنمائی لی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزٹیوٹاسیکرٹریٹ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا پنجاب کا لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم( ایل ایم آئی ایس) پنجاب کی لیبر مارکیٹ کے رجحانات اور ضروری بنیادی معلومات جیسے ہنر مند افراد کی تربیت کے مواقع ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کی تفصیلات تربیتی کورس اور اداروں سے فارغ التحصیل طلباءکی معلومات اور پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے کاروباری صنعتی اداروں میں پیدا ہونے والی ملازمت کی آسامیوں کے بارے میں رہنمائی دے گا۔ اس آن لائن سسٹم پر ٹیکنیکل اور ووکشینل اداروں کے طلباءو طالبات ملازمت کے متلاشی فارغ التحصیل ہنر مند افراد اور آجروں کیلئے مفت رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے تاکہ بیروزگاروں کو روزگار کے مواقع ڈھونڈنے اور ملازمت حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس سسٹم کی تیار ی میں سیالکوٹ چیمبراور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی مشاورت اور رہنمائی بھی شامل ہے۔ یہ سسٹم ٹیوٹا کے چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی کی سربراہی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سیکشن کی کاوشوں سے تیار ہوا ہے جسے قومی سطح پر NAVTTCنے بھی سراہا ہے ۔
اور دیگر صوبوں میں بھی اسی طرز کے لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم( ایل ایم آئی ایس) کی تشکیل پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ٹیوٹا پنجاب کا ایل ایم آئی ایس پلیسمنٹ افسران اور لیبر مارکیٹ کے ماہرین کی زیر نگرانی میں ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں چلایا جائے گا جہاں صوبہ بھر کی لیبر مارکیٹ انفارمیشن اکٹھی کی جائے گی۔ اس کام میںٹیوٹا کے ڈسٹرکٹ منیجر بھی معاونت فراہم کرینگے۔ اس نظام کو کامیابی سے چلانے کیلئے گزشتہ ماہ سٹاف کو تربیت دے دی گئی ہے اور تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ منیجر ز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ویب پورٹل پر اقتصادی اعدادو شمارکے علاوہ روزگار اور بیروزگاری کی شرح کے بارے میں بھی معلومات میسر ہونگی۔ ان اقدامات سے بے روزگاری کی شرح میں کمی اور غربت کے خاتمے میں کمی کے علاوہ ملکی معاشی ترقی میںہنر مند افرادی قوت کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید :

کامرس -