جی ایس پی پلس کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کو آگاہی فراہم کی جائے گی

جی ایس پی پلس کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کو آگاہی فراہم کی جائے گی

لاہور( کامرس رپورٹر) کابینہ کمیٹی برائے جی ایس پی پلس کا 9 واں اجلاس سول سیکرٹریٹ میں وزیر صنعت پنجاب چوہدری محمد شفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا - وزیرمحنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور ، صوبائی سیکرٹریز اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی-چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈمحمد الیاس غوری نے شرکاءکو ایجنڈے اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے انویسٹمنٹ بورڈکے اقدامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی -اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ انویسٹمنٹ بورڈ، جی ایس پی پلس کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو آگاہی فراہم کرے گا اور اس ضمن میں کئے جانے والے پنجاب حکومت کے اقدامات کی ویب سائٹ کے ذریعے تشہیر کی جائے گی - اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے جی ایس پی پلس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کی تیاری کے لئے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی - علاوہ ازیں جی ایس پی پلس سے متعلقہ رپورٹس کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی محکموں کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے کے متعلق غور و خوض کیا گیا ۔

 

مزید : کامرس