سعید اجمل کی وطن واپسی ، 8 دسمبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل لندن سے فیصل آباد پہنچ گئے۔ سعید اجمل 8 دسمبر کو باؤلنگ ایکشن کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے۔ ذرائع کے مطابق سعید اجمل کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے لندن سے واپس بلا لیا ہے ، جبکہ قومی باؤلر آٹھ دسمبر کو باؤلنگ ایکشن کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے جہاں ان کے باؤلنگ ایکشن کو ایک مرتبہ پھر چیک کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سعید اجمل کے ایکشن میں فرق تو آیا ہے لیکن تاحال مزید بہتری کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے 2 ماہ قبل سعید اجمل پر مشکوک بولنگ ایکشن کے شبہے میں بین الاقوامی کرکٹ پر پابندی عائد کر دی تھی اور انہیں اپنا ایکشن رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا جس میں ان کے بازو کا خم آئی سی سی کے بتائے ہوئے 15 ڈگری سے زیادہ تھا۔سعید اجمل دوہفتے سے زائد وقت برمنگھم میں گزارنے کے بعد وطن واپس آئے ہیں۔