کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز آج رنگا رنگ تقریب سے ہو گا

کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز آج رنگا رنگ تقریب سے ہو گا

         جالندھر( نیٹ نیوز)بھارت میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز آج ہفتے کو رنگا رنگ تقریب سے ہوگا۔ یہ تقریب بھارت کے شہر جالندھر کے گوروگوبند اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ ایونٹ میں مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستانی مردوں کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں کینیڈا، ارجنٹائن، ڈنمارک، سوئیڈن اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں جبکہ گروپ اے میں بھارت، آسٹریلیا ، اسپین، ایران اور امریکا کی ٹیمیوں کو رکھا گیا ہے۔ اسی طرح ویمنز ایونٹ میں بھی پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں گروپ بی میں رکھا گیا ہے جہاں اسے انگلینڈ، میکسیکو اور نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔ ویمنز کے گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، امریکا، آذربائیجان اور دنمارک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان منز ٹیم 9 دسمبر کو اپنا پہلا میچ ڈنمارک کے خلاف نہرو اسٹیڈیم روپ نگر میں کھیلے گی ۔ دوسرا مقابہ 11 دسمبر کو برطانیہ، تیسرا 14 دسمبر کو سوئیڈن، چوتھا 15 دسمبر کو کینیڈا اور 5 واں میچ 17 دسمبر کو ارجنٹائن سے ہوگا۔ خواتین کی ٹیم کا پہلا میچ 9 دسمبر کو میکسیکو، دوسرا 10 دسمبر برطانیہ، تیسرا 11 دسمبر کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ سیمی فائنل میچ 18دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔19 دسمبر کو خواتین کا فائنل جبکہ اسی روز تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے بھی مقابلے ہونگے ۔ 20 دسمبر کو مردوں کا فائنل کھیلا جائے گا ۔ اس حوالے سے پاکستانی کبڈی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی لالہ عبیداللہ کو یقین ہے کہ اس بار ٹیم فائنل ہارنے کی روایت توڑدے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ دو ہزار چودہ عالمی کپ میں پاکستان فائنل ہارنے کا سلسلہ ختم کر دے گا۔ لالہ کے بقول گز شتہ برسوں میں فائنل شام کی نمی میں کھیلے گئے تھے، رواں برس ہم نے شاموں اور رات کے سیشن میں بھی تیاری کی ہے۔ ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹیکنیک اور فٹنس پہلے سے کہیں بہتر دکھائی دی۔ اس لیے پاکستانی ٹیم اس سال فائنل میں روایتی حریف بھارت کے سامنے تر نوالہ ثابت نہیں ہوگی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی