کرپشن میں کمی۔۔۔ خوش آئند خبر
جرمنی سے پاکستان کے لئے ایک حوصلہ افزا خبر یہ آئی ہے کہ پاکستان میں کرپشن کم ہو گئی ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے2014ء کے لئے اپنی سالانہ کرپشن رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کی صورت میں ایک درجہ بہتری ہوئی ہے۔ پاکستان نے100میں سے29نمبر حاصل کئے ہیں اور دنیا کے175ممالک کی فہرست میں اس کاایک سو چھبیسواں نمبر ہے۔19سال میں پہلی مرتبہ کرپشن میں کمی دیکھی گئی ہے۔
اگرچہ بظاہر یہ معمولی پیش رفت ہے، لیکن اس سے یہ اندازہ ضرور ہو جاتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کم کرنے کا عزم کر لیا گیا ہے اور اس کا عملی کام بھی شروع کر دیا گیا ، تبھی تو بہتری دیکھی گئی ہے چاہے ایک درجہ ہی سہی۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ یہ اتنا مشکل کام تھا کہ 19سال میں پہلی بار ممکن ہو سکا۔پاکستان میں کرپشن کا کاروبار بہت وسیع پیمانے پر پھیلا ہوا ہے کہ معاشرے کا کوئی شعبہ اور کوئی کونہ اس سے بچا ہوا نہیں ہے۔ بعض سرکاری ادارے تو اس ضمن میں کافی بدنام ہیں تاہم کرپشن کم کرنے کا عزم کر لیا جائے، تو پھر یہ ناممکن بھی نہیں۔ نیب نے بھی کرپشن کے خلاف مہم شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جو ایک اچھی کوشش ہے۔ فی زمانہ کرپشن کا سو فیصد خاتمہ تو شاید ممکنات میں سے نہیں۔ تاہم اس میں معتدبہ کمی کی جا سکتی ہے اور ایمنسٹی کی رپورٹ یہ امید دلاتی ہے کہ اس ضمن میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ *