پاکستان میں داعش کاسربراہ یوسف سلفی ہے، ملک بند کرنا انسانی حقوق کے منافی ہے،رحمن ملک
اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیر داخلہ و پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں داعش موجود ہے، پاکستان میں داعش کے سربراہ کا نام یوسف سلفی ہے، ملک کو بند کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ دھاندلی کی کسی پٹیشن پر از خود نوٹس لے سکتی ہے، حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات 7 اور 8تاریخ کو متوقع ہیں، پاکستان کو سیاسی بحران کے علاوہ دیگر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں لاپتہ افراد کمیشن میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داعش اپنا نیٹ ورک قائم کر چکی ہے، پاکستان میں داعش کے سربراہ کا نام یوسف سلفی ہے
، چند دنوں میں داعش کے بارے میں مزید انکشافات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور حکومت میں مذاکرات 7اور 8تاریخ کو متوقع ہیں، مذاکرات کےلئے سیاسی جرگہ جو کچھ بھی ممکن ہوا کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کے جج بھی رہے ہیں، امید ہے وہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ ملک کو بند کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کو اس وقت سیاسی بحرانوں کے علاوہ اور بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی کسی پٹیشن پر سپریم کورٹ از خود نوٹس لے سکتی ہے، لاپتہ افراد سے متعلق ایک کمیشن ہونا چاہیے۔