نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی انعام اللّٰہ خان نیازی اور حسان ریاض نے حلف اٹھا لیا

نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی انعام اللّٰہ خان نیازی اور حسان ریاض نے حلف اٹھا ...

لاہور( نمائندہ خصوصی) پنجاب کے مختلف دو حلقوں پی پی 48 اور 162 سے ضمنی الیکشن میں نو منتخب ارکان اسمبلی انعام اللہ خان نیازی اور حسان ریاض سے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خا ں نے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو پی پی 48 بھکر سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے انعام اللہ خان نیازی جو کہ ضمنی الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں نے سپیکر سے حلف لیا ۔واضح رہے کہ اس نشست سے عام الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ سے نجیب اللہ خان نیازی کامیاب ہوئے تھے لیکن کچھ عرصہ قبل دل کے دورے کی وجہ سے وہ خالق حقیقی سے جا ملے تھے اور اس وجہ سے یہ نشست خالی ہو گئی تھی اس نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں عوامی تحریک نے بھی پہلی بار کسی ضمنی الیکشن میں حصہ لیا تھا لیکن وہ کامیابی حاصل نہ کر سکی ۔یاد رہے کہ انعام اللہ خان نیازی کے مخالفین نے اس ضمنی الیکشن کے نتائج کی دوبارہ گنتی کا بھی مطالبہ کیا تھا لیکن دوبارہ گنتی کے نتیجے میں بھی انعام اللہ خان نیازی ہی اکثریت سے کا میاب ہوئے تھے اور گزشتہ روز اجلاس کے آغاز میں ہی انہوں نے حلف اٹھایا ۔پنجاب کے دوسرے صوبائی حلقہ پی پی 162 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن سے کامیاب ہونے والے حسان ریاض نے بھی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے حلف لیا یہ نشست بھی عام الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے خرم گلفام نے حاصل کی تھی وہ گردن کے پیچھے گلٹی کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں علاج کروانے کے لئے گئے تھے لیکن اس دوران وہ کومے میں بھی رہے ۔ بعد میں ان کا انتقال ہو گیا تھا اور اس وجہ سے یہ نشست بھی خالی ہو گئی تھی اور اس پر بھی گزشتہ دنوں ضمنی الیکشن ہوا جس کے نتیجے میں حسان ریاض نے کامیابی حاصل کی ہے اور انہوں نے بھی رکن اسمبلی کا حلف اٹھا لیا ہے ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...