مستحکم ،خوشحال اور جمہوری افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،نواز شریف

مستحکم ،خوشحال اور جمہوری افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لندن (اے پی پی،خصوصی رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، پاکستان افغان قومی یکجہتی حکومت کے ساتھ باہمی تعا ون کے تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ جمعہ کی صبح یہاں ملاقات کے دوران کہی۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ آمد پر برطانوی وزیراعظم نے وزیراعظم نواز شریف کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے سماجی شعبے کی ترقی بالخصوص صحت و تعلیم کے میدان میں برطانیہ کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے برطانوی کاروباری اداروں کو پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاکستان کی کوششوں میں اپنی حکومت کی معاونت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی ملاقات میں موجود تھے۔ بعد ازاں افغان صدر اشرف غنی بھی دونوں رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں شریک ہو گئے۔ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افغانستان کے بارے میں حالیہ لندن کانفرنس کے تناظر میں افغانستان کے خصوصی حوالے سے علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی اور کانفرنس میں کئے گئے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ رہنماؤں نے ایک مستحکم، خوشحال اور پرامن افغانستان کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس کے پورے خطے پر خوش آئند اثرات مرتب ہونگے۔

مزید :

صفحہ اول -