بلاول کو مناسب وقت پر سیاست میں ان کرینگے،سیاست نہیں ملک اور جمہوریت کو بچانا ہے ،آصف زرداری

بلاول کو مناسب وقت پر سیاست میں ان کرینگے،سیاست نہیں ملک اور جمہوریت کو ...

             لاہور( شہزاد ملک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو مناسب وقت پر دوبارہ سیاست میں ”ان “ کریں گے ‘ اگر ہم بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو نہ پانے کی وجہ سے الیکشن ہارے تھے تو کیا موجودہ حکومت اسے ختم کر سکی ہے‘ بہت سی ایسی باتیں ہیں اور بہت سے ایسے سوالوں کے جواب ہیں جو آپ سب کو نہیں بتا سکتا ہم نے سیاست نہیں ملک اور جمہوریت کو بچانا ہے ‘پیپلز پارٹی اوکاڑہ کے صدر اشرف سوہنانے صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور وٹو کی طرف سے کی گئی تنظیم سازی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے اور بیٹی کو بھی عہدے دیدئیے ہیں ان میں اور نواز شریف میں کیا فرق ہے جس پر شریک چیرمین آصف علی زرداری نے انہیں کہا کہ آپ کا اعتراض درست نہیں ہے منظور وٹو اور ان کے بیٹے اور بیٹی پارٹی کے لئے بہترین کام کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ را ت شریک چیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہونے والے پیپلز پارٹی پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا ۔ذرائع نے اس اجلاس کی اندرونی کہانی کے بارے میں ” پاکستان “ کو بتایا ہے کہ اجلاس میں شریک چیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب مجلس عاملہ کے ارکان کے خیالات سنے اور چیرمین بلاول بھٹو کے لاہور نہ آنے کے بارے میں بھی بتایا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ آپ سب کے پاس بہت سے سوالات ہیں جن کے آپ مجھ سے جوابات چاہتے ہیں لیکن ہر بات کا جواب نہیں دیا جا سکتا بہت سے معاملات ایسے ہیں جو مجھے دیکھنے پڑتے ہیں اور دیکھ رہا ہوں ہم نے ملک اور جمہوریت کے لئے سیاست کرنی ہے اور کرتے رہیں گے

مزید : صفحہ اول