سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے پولیس کی وردیاں پہن کر وارداتیں کرنیوالے 9ڈاکو پکڑ لئے

سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے پولیس کی وردیاں پہن کر وارداتیں کرنیوالے 9ڈاکو پکڑ لئے

 لا ہور (کرا ئم سیل )سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے پولیس کی وردیاں پہن کرڈکیتیاں کرنے اور دوران واردات مزاحمت پر پولیس کانسٹیبل سمیت 11 شہریوں کو بے دردی سے قتل جبکہ ایف آئی اے کے کانسٹیبل سمیت 16 شہریوں کوواردات کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کرنے کی52 سنگین وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام اور خاص کر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کو خصوصی ٹارگٹ دیا جنہوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض شاہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم کے علاوہ سی آئی اے کی مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں سنگین وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔سی آئی اے اقبال ٹاؤن کی پولیس ٹیم نے شب و روز کی محنت سے حاصل ہونے والی مختلف معلومات کی روشنی میں عثمان عرف گجرقاتل و ڈکیت گینگ کے سرغنہ محمد عثمان عرف گجر سمیت 9 ملزموں شاکر علی ، رحمان ، شہزاد عرف گگو ، جاوید عرف کیری،علی حسن بلوچ عرف سندھی ، ریاض حسین، طارق عرف طارقی اور آصف کو گرفتار کر لیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر اور موٹر سائیکلوں پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگا کر شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے ۔ ملزمان چیچہ وطنی ضلع ساہیوال میں بھی ایک شہری کو قتل کرنے کی واردات میں ملوث ہیں ۔گینگ میں شامل ملزم رحمان عرف بھولاملزمان کا مخبر تھا جو اپنے رکشہ میں جس شہری کو بینک لے کر جاتا وہ اس شخص کے بارے عثمان عرف گجر کو انفارمیشن دیتا تھا۔ ملزموں نے ایف آئی کے کانسٹیبل فرحت عباس کو کیمپس پل سے جوہر ٹاؤن آتے ہوئے روکا اور گن پوائنٹ پر رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چھینے میں مزاحمت پر فائرنگ کر کے فرحت عباس اور اس کے بیٹے ایملیش کو شدید زخمی کر دیا تھا۔دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی ،قتل،راہزنی اور اقدام قتل کی 52 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزموں سے لاکھوں روپے مالیت کی 2 عدد کاریں ، وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ ، موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزاد سلطان نے ڈکیتی ، قتل اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کے گروہ کی گرفتاری پر ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن اور پولیس ٹیم کے دیگر ممبران کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناددینے کا اعلان کیاہے ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...