داعش میں شامل ہونیوالا بھارتی نوجوان واپس وطن پہنچ گیا

داعش میں شامل ہونیوالا بھارتی نوجوان واپس وطن پہنچ گیا

 دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک عرصے سے عالمی میڈیا میں یہ خبریں توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھیں کہ مغربی اور ایشیائی ممالک کے نوجوان شام میں دولت اسلامیہ (داعش) کے ساتھ شامل ہونے کیلئے دھڑا دھڑ پہنچ رہے ہیں مگر اب انہیں نوجوانوں کی واپسی اور اس واپسی کی عجیب و غریب وجوہات توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ نیوز ویب سائٹ ’’ڈیلی سٹار‘‘ کا کہنا ہے کہ درجنوں نوجوان میدان جنگ کی مشکلا ت اور غیر متوقع طرز زندگی سے گھبرا کر اپنے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔ بھارت سے شام جا کر جنگجو بننے کا خواب دیکھنے والے 23 سالہ اریب مجید کو وطن واپسی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس نے انکشاف کیا ہے کہ جنگجو بنانے کی بجائے اسے چھوٹے موٹے کاموں کیلئے رکھ لیا گیا تھا جس کے باعث اس نے واپس آنا ہی مناسب سمجھا۔ فرانس سے جنگجو بننے کا خواب لے کر شام جانے والے نوجوانوں نے فرانسیسی اخبار ’’لی فگارو‘‘ کو لکھے گئے خطوط میں بتایا ہے کہ ان کے آئی پوڈ کام نہیں کر رہے اور موبائل فون کا استعمال بھی مشکل ہو گیا ہے اس لئے وہ واپس آناچاہتے ہیں۔ ایک اور نوجوان کا کہنا ہے کہ اسے بندوق تھمانے کی بجائے جھاڑو تھما دیا گیا اور وہ ہر وقت غسل خانے صاف کرتا اور کپڑے دھوتا تھا۔ ان منفرد وجوہات کی بناء پر اکثر نوجوان واپسی کیلئے بے تاب بتائے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر