بجلی 10 فیصد سستی ہونے کا امکان

بجلی 10 فیصد سستی ہونے کا امکان
بجلی 10 فیصد سستی ہونے کا امکان

  

لاہور (ویب ڈیسک) حکومت نے بڑھتے ہوئے سیاسی دباﺅ کے پیش نظر عوام کو عملی ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیاہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سستی کرنے کے بعد بجلی کے بل بھی غریب کی دسترس میں لانے کا جامع پلان مرتب کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں بتدریج کمی لانے کا ٹاسک وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سونپ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پٹرول کے بعد بجلی کے نرخوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخ سات سے دس فیصد تک کم کر دئیے جائیں گے اور بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ دو ماہ میں فرنس آئل کی قیمت میں 32 فیصد کمی کے پیش نظر کیا گیا،فرنس آئل کی فی ٹن قیمت 86 ہزار سے کم ہو کر 58 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ فرنس آئل کی جگہ بجلی کی پیداوار کیلئے ایل این جی استعمال کی جائے گی، مجموعی پیداوار کا 40 فیصد بجلی فرنس آئل کے ذریعے بنائی جا رہی ہے۔ فرنس آئل سے پیدا بجلی کی فی یونٹ لاگت 16سے 21 روپے تک ہے جبکہ فرنس آئل سے بننے والی بجلی کی پیداواری لاگت میں 30 فیصد کمی آ چکی ہے۔ ایل این جی کے استعمال کے بعد مارچ سے بجلی نرخ مزید کم ہونے کاامکان ہے اور صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈیڑھ روپے سے ا یک روپیہ 80 پیسہ تک ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق قطر سے ایل این جی کی درآمد جنوری کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔ 600 ملین کیوبک فٹ میں سے 400 ملین کیوبک فٹ ایل این جی بجلی کی پیداوار کیلئے استعمال ہو گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی نرخوں میں بتدریج کمی لانے کا ٹاسک وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سونپ دیا ہے۔

مزید : بزنس