یونائیٹڈ انشورنس کمپنی کی آئی ایف ایس ریٹنگ A+برقرار
لاہور(بزنس رپورٹر) یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کی ممبر کمپنی یونائیٹڈ انشورنس کمپنی آف پاکستان کے لئے پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (پیکرا) کی جانب سے آئی ایف ایس ریٹنگ A+کو برقرار رکھا گیا ہے جو کمپنی کی دیرپا ،پائیدار اور مستحکم پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔ اس سے قبل یونائیٹڈ انشورنس کمپنی روائتی جنرل انشورنس کے ساتھ ساتھ ونڈو تکافل آپریشنز کا بھی آغاز کر چکی ہے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جنرل انشورنس سیکٹر کی پہلی کمپنی ہے جس نے ایس ای سی پی کی اجازت سے ونڈو تکافل کا اجراءکیا اور مارکیٹ میں اسلامی مالیاتی سیکٹر کے لئے تکافل کی سہولیات فراہم کرنا شروع کی ہیں اس موقع پر یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئرمین میاں ایم اے شاہد نے کہا کہ ونڈو تکافل کے اجراءسے اسلامی بینکاری اور اسلامی انشورنس کو فروغ حاصل ہوگا اور ملک میں انشورنس سہولیات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ انشورنس کو پیکرا کی جانب سے A+ ریٹنگ کا برقرار رکھنا کمپنی پر اعتماد کا آئینہ دار ہے جو اس کمپنی کے پالیسی ہولڈرز کو ادائیگی کی مضبوط حیثیت کو ظاہر کرتی ہے میاں ایم اے شاہدنے امید ظاہر کی کہ یونائیٹڈ انشورنس دونوں طرز کی انشورنس میں اپنے کسٹمرز کو بہتر سروسز فراہم کرے گی۔