کل تک حتمی جواب نہ دیا تو سیریز ختم سمجھیں گے ، پی سی بی کا بھارتی بورڈ کو خط
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز کے لئے بھارتی بورڈ کو ایک اور خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بورڈ نے کل 7 دسمبر پیر تک اگر کوئی جواب نہ دیا تو ہم سیریز ختم سمجھیں گے اس حوالے سے ہمیں حتمی جواب دیا جائے واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کے لئے پاکستان کی حکومت تومنظور ی دے چکی ہے لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے جبکہ اس تاخیر پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلی عہد ے دار بھی اپنی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہم سیریز کے لئے اپنی حکومت کی جانب سے ملنے والے احکامات کے منتظر ہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ سیریز کا انعقاد ہونا چاہئیے یہ سیریز وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اگر بھارت آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیل سکتا ہے تو پھر پاکستان کے ساتھ سیریز کیوں نہیں ہوسکتی جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھام کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھی بہتر ہونے کے امکانات ہیں جبکہ اس سے قبل آئی پی ایل کے چیف ایگزیکٹو راجیو شکلہ بھی اس حوالے سے بیان دے چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان اگر آموں اور ساڑھیوں کا تبادلہ کرسکتے ہیں تو دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز بھی ہونی چاہئیے اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لکھے گئے اس خط کے جواب میں بھارتی بورڈ کی جانب سے کیا جواب آتا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تو اس سیریز کے انعقاد کے لئے بہت زیادہ کوششیں کی اور اب اس نے یہ خط لکھا ہے اور اس حوالے سے شائقین میں بھی جو بے چینی پائی جاتی ہے وہ بھی پیر تک امید ہے کہ فیصلہ آنے تک ختم ہوجائے گی۔