کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹور میچ میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا
برسبین (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا الیون نے چار روزہ ٹور میچ میں ویسٹ انڈیز کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں میچ کے چوتھے اور آخری روز مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز اپنی دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 210 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان جیسن ہولڈر 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کارلوس براتھویٹ 31 اور کیمار روچ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کرکٹ آسٹریلیا الیون کی جانب سے کیمرون بوئس سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رائن لیز نے تین اور جیمز بیزلی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 201 رنز کی برتری حاصل کرنے کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا الیون کو جیت کیلئے 10 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔