کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے نیب کو بااختیاربنانے کی ضرورت ہے، میاں مقصود احمد

کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے نیب کو بااختیاربنانے کی ضرورت ہے، میاں مقصود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے نیب کو بااختیاربنانے کی ضرورت ہے۔جب تک ملک سے کرپشن اور مہنگائی کوروکا نہیں جائے گااس وقت تک عوام کی حالت نہیں سدھر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ سوبڑے سیکنڈلزجو سالہاسال سے زیر التوا تھے کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے رواں ماہ دسمبر کے آخر تک فیصلہ کرنے کااعلان اگرچہ خوش آئند امرہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فیصلے کوجلدازجلدعملی جامہ پہنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ نیب ملک میں احتساب کاسب سے بڑاادارہ ہے۔’’پلی بارگین‘‘جیسے خود ساختہ کلچر کاخاتمہ ناگزیرہوچکا ہے۔دنیا کے کسی بھی ملک میں ایساقانون موجود نہیں جوجرائم پیشہ عناصر کوفرار کاراستہ فراہم کرتا ہو۔نیب کا یہ طرزعمل قومی مفاد اور شفافیت کے تقاضوں کے برخلاف ہے۔تمام مصلحتوں سے بالاتر ہوکر قومی خزانے کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت تادینی کاروائی ہونی چاہئے۔نیب کی غیر جانبدارانہ تحقیقات سے گنہگارکوسزادی جائے لیکن بے گناہ پرظلم نہیں ہونا چاہئے۔میاں مقصود احمدنے مزیدکہاکہ بھارت،امریکہ،برطانیہ،چین سعودی عرب سمیت دنیا کے دوسرے ممالک میں مالی اورانتظامی بدعنوانیوں کی تحقیقات کے لئے طاقتورادارے موجود ہیں جن کی سفارش پرکرپشن کی روک تھام کے لئے اقدامات ہوتے رہتے ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگابہتی ہے۔پاکستان میں ہرسال4ہزارارب روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔حکومت کوچاہئے کہ وہ گڈگورننس کے لئے نیب کوسیاسی اثرورسوخ سے آزاد اور بااختیار بنائے۔