پنجاب گروپ آف کالجز کیمپش 10میں دوسری میدیا لٹریسی کانفرنس
لاہور(خبر نگار خصوصی)پنجاب گروپ آف کالجز کیمپس 10میں دوسری میڈیا لٹریسی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس کے مہمان خصوصی روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمٰن شامی تھے جبکہ نظامت کے فرائض پنجاب کالج میں شعبہ جرنلزم کے ہیڈ جہانگیر نے سر انجام دیئے۔ دیگر مقررین میں بلال قطب،نجم ولی خان،ترنجیت سنگھ اور شاہد قادر اور طارق علی خان شامل تھے۔اس موقع پر روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ طلباء و طالبات کو مطالعہ کی عادت ڈالنا بہت ضروری ہے اور سوچنا چاہیے کہ آپ کی منزل کیا ہے اور ان کی سوسائٹی کے حوالے سے ذمہ داریاں کیا ہیں۔اس ملک کو دنیا میں لانے کا مقصد کیا ہے ،مسلمان اور پاکستانی ہونے کے تقاضے کیا ہیں؟محض فلمیں دیکھنے میں وقت بربا د نہیں کرنا چاہیے۔پاکستان کا بھارت سے علیحدگی کا مقصد ایک سماج اور سوسائٹی بنانا تھا اور ہمیں سوچنا چاہیے کہ قائداعظم نے یہ ملک کیوں بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ دنیا میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایک اسلامی اقدار پر سوسائٹی کیسے بنتی ہے۔کوئی بھی شخص قائد اعظم کی دیانت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا انہوں نے جو کچھ کمایا قوم اور اداروں کیلئے وقف کیا۔انہوں نے طلبا و طالبات کو نصیحت کی کہ کتاب کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔اس موقع پر بلا ل قطب نے کہا کہ مولوی اور صحافی ہونے کہلوانے سے ڈر لگتا ہے انہوں نے دیگر اسلامی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔نجم ولی خان نے کہا کہ بری سے بری جمہوریت بہت اچھی آمریت سے بہتر ہے ،صحافت ایک مشکل پیشہ ہے جو ایک لائف سٹائل کا نام ہے ۔میڈیا سوسائٹی کا آئینہ ہے جس میں اچھے اور برے دونوں پہلودیکھائے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ بڑے بڑے کام ضرور کرنے چاہیں لیکن کسی انسان کے آنسو بھی ضرور پونچھنے چاہیں۔اس موقع پر ترنجیت سنگھ نے طلبا کو فلم اور ٹی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر آگاہی دی ،انہوں نے بتایا کہ فلم کا مقصد کو سبق آموز پہلو نہیں ہوتا بلکہ محض پیسہ کمانا ہوتا ہے۔شاہد قادر نے طلباء کو پبلک ریلیشنز پر بریفنگ دی جبکہ آخرمیں کالج کے پرنسپل طارق علی خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔