شہباز شریف نے جان لڑا کر اورنج لائن منصوبے کیلئے چین کا تعاون حاصل کیا ، خواجہ احسان
لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خواجہ ا حمد حسان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے جان لڑا کر لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لئے چین کا تعاون حاصل کیا ہے ‘ یہ منصوبہ کسی نے ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا گیا بلکہ ہم نے اس کی لاگت کا ایک ا یک پیسہ کم کروانے کے لئے انتھک جدو جہد کی ہے ‘ ایک کھرب 65ارب روپے مالیت سے تعمیر کی جانے وا لی اورنج لائن ٹرین شہر کے گنجان اور مصروف کا روباری علاقوں سے گزرے گی جس سے روزانہ اڑھائی لاکھ سے زیادہ شہریوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات اور سفر کی معیاری‘ جدید اور با وقار سہولت حاصل ہو گی ۔ میٹرو ٹرین کے راستے کے اطراف میں واقع تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے لئے ماہرین آثار قدیمہ کی رہنمائی میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین تکنیکی مہارت استعمال کی گئی ہے اور ان تاریخی عمارتوں کا تحفظ ہر لحاظ سے یقینی بنا یا گیا ہے ۔سول سوسائٹی کے ارکان اور تعمیراتی ماہرین محدود قومی وسائل اور دیگر مشکلات کو پیش نظر رکھیں ‘ اس عوامی منصوبے کی ضرورت اور اہمیت کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اس پر عمل درآمد کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔آج ان سے پہلی بار مشاورت کی گئی ہے ‘ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ان کی تجاویز اور مشوروں کی روشنی میں کام کریں گے ۔