معاشی دہشتگردوں کے خلاف بھی ضرب عضب کی ضرورت ہے،حامد رضا
لاہور (نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ معاشی دہشتگردوں کے خلاف بھی ضرب عضب کی ضرورت ہے۔سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے فوج کی قربانیاں ضائع ہو رہی ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی نے ہر غریب گھر کا چولہا بجھا دیا ہے۔افغان صدر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے سے باز آجائے۔افواج پاکستان کی طرح عدلیہ نے بھی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔کراچی میں امن کیلئے سیاسی قوتوں کو دفاعی اداروں کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیئے۔ ملک غیر محفوظ ہاتھوں میں ہے۔نااہل حکمران ملک و قوم پر بوجھ ہیں۔ 32لاکھ دولت مند افراد ٹیکس ادا نہیں کرتے لیکن حکومت امیر ترین افراد سے ٹیکس وصول کرنے کے بجائے غریب عوام پر بالواسطہ ٹیکس لگادیتی ہے۔حکومت غریبوں سے جینے کا حق نہ چھینے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحادکونسل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اکبر نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں مفتی محمد حسین صدیقی، مو لاناغلام سرور ساقی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مولانا حافظ محمد یعقوب فریدی اور دیگر شامل تھے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت بری حکمرانی کی بد ترین مثال ہے۔ہسپتالوں میں مریض ادویات نہ ہونے کی وجہ سے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں لیکن حکومت کو سڑکیں بنانے سے فرصت نہیں۔ گڈ گورننس نام کی کو ئی چیز نظر نہیں آتی ۔ حکومت نے قوم کو ڈاکوں ، فاقوں اور دھماکوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے غریب عوام پر ٹیکس لگانے والے حکمران عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔