لائن آف کنٹرول کے آر پارکشمیریوں کو ایک خاندان بنا دیا جائے ‘ فاروق عبداللہ

لائن آف کنٹرول کے آر پارکشمیریوں کو ایک خاندان بنا دیا جائے ‘ فاروق عبداللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے آر پار کشمیریوں کو ایک خاندان بنا دیا جائے ۔ اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنے حالیہ فارمولے کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جو کہا حقائق اس سے میل کھاتے ہیں اور اگر کسی اور کے پاس اسے بھی قابل قبول حل تو وہ سامنے لا سکتا ہے۔ انہوں نے آر پار کشمیر کو ایک فیملی بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرحدیں نرم کی جائیں اور دونوں طرف کے کشمیریوں کو آپس میں آزادی کیساتھ ملنے دیا جائے ، تجارتی ذرائع کھولے جائیں، یہاں کے لوگ وہاں جاسکیں اور وہاں کے لوگ یہاں آسکیں ، آر پار کشمیریوں کے درمیان شادی بیاہ کے رشتے ہوں تو دونوں طرف کے کشمیریوں کو آر پار دیکھنے اور سمجھنے کو موقعہ مل سکتا ہے۔ جس کے بعد یقینی طور پر کوئی لکیر کھینچنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس پار والوں کو بھی اختیارات فراہم کئے جائیں اور اس پار والوں کو بھی اس پار جانے کی اجازت ملے گی تو فوجی انخلاء کی ضرورت ہی نہیں پڑیگی۔


کیونکہ اس پار زیادہ فوج بلانے کی ضرورت نہیں پڑیگی جبکہ اس پار کشمیر میں زیادہ فوج رکھنے کی پاکستان کو ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان پر تنقید کرنے والوں کو سخت لہجے میں خبر دار کیا کہ مجھ پر جو تنقید کرتے ہیں تقسیم کی وجہ سے ہی ان کی دکانیں چل رہی ہیں اور جس دن یہاں امن قائم ہو گیا تو ان کی دکانیں ہمیشہ کیلئے بند ہو جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری یہ تجویز ہے کہ دونوں طرف کے کشمیر کو ایک فیملی کے طرز پر رکھنے کی کوشش کی جائے جس میں دونوں کو آسانی اور آزادی کیساتھ رہنے دیا جائے تو ڈر اور خوف دور ہو جائیگا اور امن کی ہوائیں چلیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت طاقت کے بل پر اس پار والے کشمیر کو حاصل نہیں کرسکتا ہے اور نہ ہی اس پار والے کشمیر کو پاکستان حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے لہذا افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کر کے ہی ایک پائیدار حل نکالنے کی سنجیدہ کوشش کی جائے۔

مزید :

عالمی منظر -