رشوت کے خلاف نیب کی خصوصی مہم

دفتر کے لئے گھر سے نکلا اور ابھی راستے ہی میں تھا کہ فون کی گھنٹی بج اٹھی ، فون اٹھایا ، ہیلو کیا:’’فیصل شامی بول رہے ہیں ‘‘؟دوسری طرف سے آواز آئی۔ میں نے کہا جی جناب ! تو جواب ملا کہ یوسی ایک سو تیتس میں کچھ کمیٹیاں بنی ہیں جن میں سے ایک انٹی کرپشن کمیٹی بھی ہے اور آپ سمیت چھ ممبران ہیں ، اور آپ نے کل صبح نو بجے انجینئرنگ یونیورسٹی پہنچنا ہے جہاں آپ سب کی حلف برداری کی تقریب ہے۔ہم نے جی اچھا کہا اور فون رکھ دیا ، پھر اسکے بعد ہم نے حاجی امتیاز جو کہ یوسی دو سو چونتیس سے وائس چیئر مین منتخب ہوئے ہیں اور انھوں نے سابقہ ناظم ملک شوکت کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا اور کامیابی نصیب ہوئی ، تاہم میں نے حاجی امتیاز کو فون کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ کو بھی فون آیا ہے حلف برداری کی تقریب میں جانے کے لئے کیونکہ جن چھ افراد کا نام مجھے بتایا گیا تھا ان میں سے ایک حاجی امتیاز ، جبکہ دیگر میں شاہدانجم، الیاس جٹ ، اقرار یوسفی، ثریا ناز ، شامل تھے ، میں نے حاجی امتیاز سے مل کرپروگرام بنایا کہ حلف برداری تقریب میں اکٹھے چلیں گے۔
دوسرے دن حسب پروگرام میں صبح یونین کونسل کے دفتر پہنچ گیا ، جہاں حاجی امتیاز ہمارا انتظار کر رہے تھے ہم نے حاجی امتیاز کو گاڑی میں بٹھایا اور انجینئرنگ یونی ورسٹی کے لئے نکل پڑے جہاں لاہور بھر سے بنائی گئی انٹی کر پشن کمیٹیوں کے اراکین نے حلف اٹھانا تھا ۔طویل سفر کے بعد ہم یونیورسٹی پہنچے تو دیکھا کہ باہر گراؤنڈ میں گاڑیوں ، بسوں ویگنوں کی طویل قطار لگی ہوئی تھی ، ہم نے بھی پارکنگ کیلئے جگہ ڈھونڈی اور گاڑی پارک کر کے ہال میں پہنچے جہاں تقریب منعقد ہو رہی تھی۔ جب ہم منعقدہ تقریب میں پہنچے تو معلوم ہوا کہ یہ تقریب نیب کے حوالے سے ہے جی ہاں نیب کی قائم کی گئی کر یکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام حلف برداری اور ان بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے منعقد کی گئی تھی جنھوں نے پنجاب بھر میں پرائمری ، ہائی سکول اور کالج ، لیول پر نیب کے زیر اہتمام تقریری ، ملی نغموں ، اور دیگر تقاریب میں پہلی پوزیشنیں حاصل کی تھیں ، تقریب میں پنجاب بھر کے سکولوں کے طلباء کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔
تقریب میں بلڈرز کریکٹر سوسائٹی کی صدر میڈم عائشہ نے سوسائٹی کے ا غراض و مقاصد پر روشنی ڈالی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کر پشن کی روک تھام کے لئے متحد ہیں اور اس سلسلے میں وہ بہت سے غیر ملکی دورے بھی کر چکی ہیں تاہم انھوں نے نیب کے چئیر میں جناب قمر زمان چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان پر اعتماد کیا اور انھیں سوسائٹی کا صدر بنایا۔تاہم تقریب کے دوران چھوٹے بچوں نے تقریریں اور ملی نغمے سنا کر حاضرین محفل سے خصوصی داد وصول کی ، تقریب کے مہمان خصوصی چئیر مین نیب نے دوران خطاب بتایا کہ وہ عوام میں رشوت ستانی کے خلاف شعور بیدار کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں نیب کی خصوصی مہم جاری ہے ۔
ہمیں خوشی اس بات سے ہوئی کہ چھوٹے چھوٹے بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور کر پشن روکنے کے لئے ہمارے ساتھ ہی حلف بھی اٹھایا ، انٹی کرپشن کمیٹی کے اراکین سے اور سکول کے چھوٹے بچوں سے بھی رشوت روکنے کے لئے حلف چئیر مین نیب نے لیا ، تاہم تقریب میں پانچ ہزار افراد موجود تھے ،جبکہ پنجاب بھر میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے ایک لاکھ سے زائد ممبر ہیں جو رشوت ستانی کے خلاف مہم میں نیب کے رضاکار بنے ہیں اور اب بھی سوسائٹی میں عوام جوق در جوق شمولیت کر رہے ہیں۔بہر حال خوبصورت پر وقار اور رنگا رنگ تقریب کے اختتام پر حاضرین محفل کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا ، تقریب کے اختتام پر ہم بھی یونین کونسل ایک سو تیتس سابقہ اور دوسوتیتس نئی سے بطور ممبر اینٹی کر پشن کمیٹی حلف اٹھا چکے تھے ۔
اور حاجی امتیاز نے بھی ہمارے ساتھ ہی حلف اٹھایا جبکہ الیاس جٹ کا اس دوران فون آتا رہا لیکن شور میں انکی آواز سمجھ نہ آئی ، بہر حال خوبصورت تقریب کے اختتام پر ہم واپس روانہ ہوئے ، جہاں ہم نے ٹاؤن شپ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے جیالے کارکن جناب چوہدری واجد کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہونے والی محفل قرآن خوانی میں شرکت کر نی تھی ، اس دعائیہ تقریب میں معززین علاقہ اور چئیر مین یو سی دو سو چونتیس ملک شوکت کھوکھر نے بھی شرکت کی ،،،،،،،، اور تقریب میں دعا کے اختتام تک عصر کا وقت ہو چکا تھا ، تاہم ہم بھی صبح کے گھر سے نکلے تھے اور تھکاوٹ بھی محسوس ہو رہی تھی اس لئے ہم نے تقریب میں موجود افراد سے اجازت لی اور گھر کے لئے روانہ ہو گئے لیکن لبوں پر ہمارے بھی یہی دعا تھی کہ اللہ پاک ہمارے پیارے دوست کی والدہ ماجدہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا ء فر مائے اور مرحومہ کے لواحقین کو صبر جمیل بھی عطاء فرمائے ،،،،، بہر حال اجازت چاہتے ہیں فی الوقت دوستو آپ سے ایک بریک کے بعد تو چلتے چلتے اللہ نگھبان رب راکھا !