عوام حکمرانوں کی پالیسیوں سے عاجز آ چکے ہیں،عابد حسین صدیقی
لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کی پالیسیوں سے عاجز آ چکے ہیں۔ مہنگائی کے سیلاب نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ان کے سروں سے چھت، تن سے کپڑا اور منہ سے نوالا تک چھینا جا رہا ہے، یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران سب اچھا کی رٹ چھوڑ کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں،
انہوں نے ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے پاکستان پر قرضوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے تونائی کے بحران اور امن و امان کی خراب صورتحال سے کاروبار پہلے ہی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاک بھارت مذاکرات کی سب سے بڑی حامی ہے اس کی داغ بیل شہید بے نظیر بھٹو نے ڈالی تھی، لیکن مذاکرات قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے برابری کی سطح پر ہونے چاہیں انہوں نے مزید کہا کہ خفیہ ملاقاتوں سے ملک کے مفادات کو پس پشت ڈالا جا رہا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔