ڈاکٹر انور سدید کی 87 ویں سالگرہ کی تقریب، صدارت مقبول ملک نے کی
لاہور( پ ر) علمی ، ادبی ، ثقافتی اعلیٰ روایات کی حامل تنظیم مقبول اکیڈمی کے زیراہتمام صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب، افسانہ نگار، ناول نگار، شاعر، مورخ، تنقید نگار، فیچر رائٹر ڈاکٹر انور سدید کی 87 ویں سالگرہ کی تقریب ستلج بلاک ، علامہ اقبا ل میں منعقد ہوئی۔ صدارت چیف ایگزیکٹو تنظیم مقبول ملک نے کی جبکہ شرکاء میں علامہ عبدالستار عاصم، ادیب مقصود چغتائی، افتخار مجاز ، سعید بدر، ڈاکٹر شفیق کھوکھر، محمد ریاض اور دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقررین نے ڈاکٹر انور سدید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہد حاضر کے سب سے بڑے اور بلند پایہ ادیب ہیں جنہوں نے 97 سے زائد اہم کتب تصنیف کیں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد محکمہ آب پاشی میں ملازمت کی۔ چیف انجینئر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور پی ایچ ڈی کی۔
اس وقت دنیا کی کئی یونیورسٹیوں میں ان کی کتب پڑھائی جا رہی ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈاکٹر انور سدید کابطور ریفرینس نام ایک ہزار سے زائد کتب میں موجود ہے۔ مقررین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کی لازوال علمی، ادی خدمات پر ان کی یاد میں ڈاک ٹکٹ جاری کیاجائے۔ دریں اثناء ڈاکٹر انور سدید کے قریبی دوستوں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، پروفیسر جمیل آزر، جبار مرزا، رانا عامر رحمن محمود، خالد یزدانی اور شعیب مرزا نے موصوف کو ان کی علمی ،ادبی اورثقافتی خدمات پر مبارک باد دی ہے۔