لاہور ہائی کورٹ :کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف صدیق بلوچ کی درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دے دیا

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے این اے 154لودھراں سے کاعذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف صدیق خان بلوچ کی رٹ درخواست کی سماعت کے لئے تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا ہے ۔مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ ،مسٹر جسٹس محمود مقبول باجواہ اور مسٹر جسٹس شاہد مبین پر مشتمل یہ بنچ کل 7دسمبر کو اس درخواست کی سماعت کرے گا ۔لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے دو ججوں پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اثاثے چھپانے اور ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے کے الزام میں صدیق خان بلوچ کو نااہل قرار دے کر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جس کے خلاف انہوں نے شہزاد شوکت ایڈووکیٹ کی وساطت سے یہ رٹ درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپیلٹ ٹربیونل نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر درخواست گزارکو نااہل قرار دیا ہے ،اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم کیا جائے ۔