امن عمل میں پیش رفت کا انحصار پاکستان کے مخلصانہ اقدامات پر ہے ، افغانستان
کابل(آئی این پی )افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے کہاہے کہ افغان امن عمل میں پیش رفت کا انحصارپاکستان کے مخلصانہ اقدامات پر ہے ۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے کابل میں چین اور روس کے سفیروں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔محمد حنیف اتمر کا کہنا تھاکہ افغان امن عمل میں پیش رفت کا انحصار پاکستانی حکومت کی جانب سے اپنی سرزمین پر دہشتگرد گروپوں کے خلاف کاروائی اور افغان حکومت کے مسلح مخالفین کی سرگرمیوں کو ختم کرنے جیسے ایماندرانہ اقدامات پر ہے ۔چین اور روس کے سفیروں نے اپنی حکومتوں کی جانب سے افغان حکومت کی امن واستحکا م قائم کرنے کی پالیسیوں کی حمایت اورسیکورٹی اورسلامتی کے حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔