نیشنل ایکشن پلان قومی یکجہتی کا آئینی دار ہے ، دہشت گردوں کو جلد شکست ہو گی ، شہباز شریف

نیشنل ایکشن پلان قومی یکجہتی کا آئینی دار ہے ، دہشت گردوں کو جلد شکست ہو گی ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی سربراہی میں برطانیہ کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کو برطانیہ میں ملنے والی غیرمعمولی پذیرائی پر برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی حلقوں میں خوشگوار حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے برطانیہ میں پاکستان سے آنے والے کسی سیاسی رہنما کے لئے برطانوی حکام اور اراکین پارلیمنٹ کے لئے استقبال اور پذیرائی کا مظاہرہ نہیں دیکھا۔ان حلقوں کے مطابق شہبازشریف نے اپنے مختصر دورے کے دوران برطانیہ کے وزیرداخلہ ‘ وزیرخارجہ‘ نیشنل سکیورٹی کے ایڈوائزر اور برٹش کونسل کے اعلیٰ حکام سمیت تمام قابل ذکر اداروں اور محکموں کے سربراہوں سے اتنی بڑی تعداد میں ملاقات کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان حلقوں نے لندن میں منعقد ہونے والی یوکے۔پاکستان انرجی اینڈ انفراسٹرکچرکانفرنس کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے جس میں برطانوی اور پاکستان کے بڑے سرمایہ کاروں کے علاوہ چین کے نمایاں سرمایہ کار گروپوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ابن عباس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے دورے کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی ایک نئی دنیا کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ دوسری طرف برطانوی حلقوں میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز چیتم ہاؤس میں محمد شہبازشریف کے جامع اور مدلل خطاب کا بھی خاص طور پر ذکر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی شہرت کے حال تھنک ٹینک کے اس فورم پر دنیا کے ممتاز مفکرین اور عالمی رہنماؤں کو خطاب کی دعوت دی جاتی ہے۔دریں اثناء لندن میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں شریک صحافیوں نے بھی وزیراعلیٰ کو ان کے کامیاب دورے پر کھل کر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا موقف مدلل انداز میں پیش کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان قومی یکجہتی کا آئینہ دار ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت پنجاب نے سینکڑوں انتہاپسندوں کو گرفتار کر کے انہیں سزائیں دلوائیں۔دہشت گردوں کو جلد شکست ہو گی۔ ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو موثر بنانے کے لئے قوانین میں ترامیم کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دورہ برطانیہ کامیاب ترین غیرملکی دورہ ہے جس میں متعدد قابل ذکر ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ انہوں نے کہا برطانوی حکومت صحت کے شعبہ میں حکومت پنجاب کی بھرپور مدد کرے گی۔ دورہ برطانیہ کے بارے میں صحافیوں کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام‘ سیاستدانوں ‘ انتظامی افسروں اور پارلیمانی نمائندوں کی طرف سے پاکستان کے لئے جس کشادہ دلی اور تعاون کا جذبہ دیکھنے میں آیا ہے وہ ہمارے لئے انتہائی خوشگوار حیرت کا باعث ہے۔ ان صحافیوں کا کہنا تھا اس دورے نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ایک نیا اعتماد دیاہے۔

مزید :

صفحہ اول -