عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ الطاف حسین کیخلاف درج ، دہشتگردی کی دفعات بھی شامل

عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ الطاف حسین کیخلاف درج ، دہشتگردی کی دفعات بھی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان میں اہم پیشرفت۔ ایف آئی اے کے انسداددہشت گردی ونگ نے وفاق کی مدعیت میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد انور، افتخار حسین، معظم علی خان، خالد شمیم، کاشف خان ، کامران اور سید محسن علی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔ ملزموں پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش اور قتل میں معاونت کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے الطاف حسین ، محمد انور، افتخار حسین تک رسائی مانگ لی جس کے لئے برطانوی حکومت کو باقاعدہ درخواست دی گئی۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین سمیت نامزد ملزموں سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔درخواست میں برطانیہ سے تفتیشی مواد کی فراہمی اور عمران فاروق کی بیوہ سے پوچھ گچھ کی اجازت کا بھی مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی اور آئندہ ہفتے پاکستانی تفتیشی ٹیم سکاٹ لینڈ یارڈ کا دورہ کر سکتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -