عمران فاروق قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،سکاٹ لینڈ یارڈ
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی تحقیقاتی ادارے سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا ہے کہ وہ عمران فاروق قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں تمام لوگوں سے تعاون کریں گے اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں پاکستانی کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی مدعیت میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل کی سازش، قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین، محمد انور اور افتخار حسین سے تفتیش کیلئے پاکستان نے برطانیہ کو باضابطہ درخواست بھی دیدی ہے۔ درخواست میں برطانوی تحقیقاتی ادارے سے تفتیشی مواد فراہم کرنے اور مقتول کی بیوہ سے پوچھ گچھ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جبکہ برطانوی حکومت نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی اب تمام لوگوں سے تعاون کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔