مراکش نے اپنی زمینی فوج یمن میں اتارنے کا اعلان کردیا

رباط(مانیٹرنگ ڈیسک) مراکش نے حوثی باغیوں کے خلاف جاری سعودی اتحادیوں کی جنگ کے لیے اپنی زمینی فوج بھی یمن میں اتارنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق مراکش ابتدائی طور پر اپنے 1500فوجی یمن بھیجے گا ، اس کے علاوہ چھاتہ بردار فوجیوں کی ایک ٹیم بھی یمن روانہ کی جائے گی۔ مراکشی اخبار ”الصباح“ کی رپورٹ کے مطابق یہ فوجی دستے آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی شاہ خالد ایئربیس پر پہنچ جائیں گے جہاں سے انہیں یمن روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ براعظم افریقہ کا یہ مسلمان ملک اس سے قبل ہی سعودی اتحاد میں شامل ہے اور اس کی فضائیہ ایف 16لڑاکا طیاروں کے ذریعے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہی ہے۔گزشتہ دنوں حوثی باغیوں نے مراکش کا ایک ایف 16طیارہ مار گرایا تھا جس کا پائلٹ بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی اتحاد نے یمن کیخلاف فوجی کارروائی میں شمولیت کے لیے پاکستان سے بھی درخواست کی تھی لیکن پاکستان میں اس جنگ میں خود کو دھکیلنے سے انکار کردیاتھا تاہم یہ بھی واضح کیاتھاکہ سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو ہرحال میں اس کا تحفظ یقینی بنایاجائے گا۔