کرپٹ لوگوں کی وجہ سے آفر ٹھکرانے کا دعویٰ کرنے والے محمد حفیظ نے بی پی ایل سے معاہدہ کرلیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے پروفیسر بلے باز جوسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر کی وجہ سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں حصہ لینے سے انکار کرنے کا دعویٰ کررہے تھے اتوار کے روز پیسے کی چمک کے آگے ہتھیار ڈالتے ہوئے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی ٹیم ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے ساتھ معاہدہ کرکے آج رات اڑان کی تیاری کررہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ آج رات کی فلائٹ سے بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی پی ایل کے دوران اگر انڈیا کے ساتھ سیریز کا اعلان ہوگیا تو وہ اس کیلئے پی سی بی کو دستیاب ہونگے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ” مجھے محمد عامریا چٹاگانگ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن یہ میری ذاتی رائے ہے کہ میں کسی ایسے شخص کے ساتھ ڈریسنگ روم میں نہیں بیٹھ سکتا جس نے میرے ملک کے وقار کو نقصان پہنچایا ہو“۔محمد عامر کے خلاف بیان دینے پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ محمد حفیظ نے پی سی بی کی اجازت کے بغیر متنازعہ بیان دے کر سنٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامرکو 2010 میں پاک انگلینڈ سیریزمیں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں برطانیہ میں ایک سال قید ہوئی تھی جبکہ ان کے کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی بھی عائد کی گئی تھی ۔ ان پر لگائی گئی پابندی کی مدت پوری ہوچکی ہے اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگز کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے تاہم محمد عامر کو ابھی تک قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔