ملتان، راولپنڈی، جھنگ میں 2دلہا،2دلہنیں اور نوبیاہتا مسیحی جوڑا ووٹ ڈالنے پہنچ گئے

ملتان،راولپنڈی (ویب ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کے دوران ملتان، راولپنڈی اور جھنگ میں 2 دلہا اور 2دلہنیں اورایک مسیحی جوڑا ووٹ ڈالنے پہنچ گئے، ہفتہ کو ملتان میں ایک دلہا باراتیوں اوربینڈ باجے سمیت یونین کونسل نمبر 31 میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گیا۔ ریلوے روڈ ملتان کے رہائشی حامد رانا کا ووٹ یونین کونسل نمبر 31 میں درج تھا۔ دلہے کی بارات ملتان سے کراچی جانا تھی تاہم دلہا نے اصرار کیا کہ وہ پہلے ووٹ کاسٹ کریں گے پھر بارات لے کر کراچی جائیں جبکہ راولپنڈی یونین کونسل 42 میں ایک دلہن صباءنوید بھی ا پنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئی۔ لیہ کے علاقہ کوٹلہ حاجی شاہ یونین کونسل 22 میں تحریک انصاف کا سرگرم معذور کارکن بھی ووٹ ڈالنے کے لئے پہنچا اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ راولپنڈی میں دلہن بھی قومی فریضہ ادا کرنے پہنچ گئی۔ مہندی رچے ہاتھوں سے ووٹ ڈالا۔ ملتان کے علاقے ڈبل پھاٹک میں بھی نوبیاہتا مسیحی جوڑے نے قومی فریضہ ادا کرنے کو ترجیح دی، پہلے پولنگ سٹیشن پہنچ کر ووٹ کاسٹ کیا اور پھر چرچ جاکر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ راولپنڈی کی یونین کونسل 32 میں 101 سالہ بزرگ شہری غلام عباس جوکہ چلنے پھرنے سے معذور ہیں اپنے بیٹے کے ہمراہ میلوں دور وہیل چیئر پر بیٹھ کر پولنگ سٹیشن پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا علاوہ ازیں جھنگ میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے موقع پر دولہا ، دلہن بھی ووٹ ڈالنے پہنچ گئے جس سے متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر دلچسپ صورتحال پیداہو گئی۔ میونسپل کمیٹی جھنگ کے وارڈ نمبر 27 کے زنانہ پولنگ سٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول محلہ سلطان والا میں ایک دلہن مسرت پروین ووٹ ڈالنے پہنچ گئی۔ اس موقع پر موصوفہ کا کہنا تھاکہ چونکہ دوپہر کو اس کی بارات آنا ہے اور وہ بیوٹی پارلر پر تیار ہونے کیلئے آئی ہے لہٰذا اس نے بہتر خیال کیاکہ وہ اپنا حق رائے دہی بھی استعمال کرلے۔ اسی طرح میونسپل کمیٹی جھنگ کے حلقہ نمبر 36میں قائم مردانہ پولنگ سٹیشن گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول بھکر روڈ پر بھی ایک دولہا اشرف علی ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ اس نے بتایاکہ وہ اپنی بارات لے کر ملتان جارہاہے اس لئے اس نے بارات کی روانگی سے قبل اپنا قومی فرض ادا کرنے کیلئے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق وارڈ نمبر 19 میں 90سالہ معذور بزرگ خاتون نے ووٹ ڈالا۔ صغریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ ووٹ ڈالنا میرا قومی حق ہے۔