کراچی میں میئر ایم کیو ایم کا ہوگا، پنجاب میں شیر نے 12 اضلاع میں سب کو پچھاڑ دیا

کراچی/راولپنڈی(صباح نیوز)کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ اپنا میئر لانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جب کہ پنجاب کے 12اضلاع میں بھی مسلم لیگ(ن)نے میدان مار لیا ہے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کراچی کی کل 209 نشستوں کے اب تک کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم نے تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے 135 نشستیں حاصل کی ہیں،پیپلز پارٹی نے15، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے اتحاد نے 17، مسلم لیگ(ن)نے 3اور آزاد امیدوارں نے 10نشستیں جیتی ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ نے ضلع وسطی میں تاریخی کلین سوئپ کرتے ہوئے 51میں سے 50نشستیں انے نام کرلیں اسی طرح کورنگی اور غربی اور شرقی میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے۔ ضلع جنوبی میں ایم کیو ایم دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ملیر ضلع ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کا گڑھ ثابت ہوا ہے۔دوسری جانب پنجاب میں بدایاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں 12اضلاع کے عوام نے اپنے بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کیا۔ پولنگ کے بعد ان اضلاع کی 2ہزار 507نشستوں میں سے 2ہزار 345کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جس کے تحت مسلم لیگ(ن) 986، آزاد 976، تحریک انصاف 227، پیپلز پارٹی 100، مسلم لیگ(ق)12، جماعت اسلامی 3جبکہ دیگر جماعتوں نے 20نشستیں حاصل کی ہیں۔ 21نشستوں پر نتائج ملتوی کردیئے گئے ہیں۔راولپنڈی کی 120میں سے 108یونین کونسلوں کے نتائج جاری کردیئے گے ہیں جس کے تحت مسلم لیگ(ن)نے53، آزاد امیدواروں نے 42، تحرک انصاف نے 12اور پیپلز پارٹی نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 12یوسیز کے نتائج ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ملتان کی 117میں 112نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 42، تحریک انصاف 18،پیپلزپارٹی11اور 41آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن)کے 2 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے جب کہ دو حلقوں کے الیکشن مخر کردیئے گئے۔ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ نے 42جب کہ آزاد امیدوار 22 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، نارووال میں آزاد امیدواروں نے 39جب کہ مسلم لیگ(ن)نے 33 نشستیں اپنے نام کیں، خوشاب میں مسلم لیگ (ن) 49 اور آزاد امیدواروں نے45 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ جھنگ میں آزاد امیدواروں نے 49جب کہ مسلم لیگ(ن)میں 47، مظفر گڑھ میں آزاد نے 56 اور مسلم لیگ(ن)نے 45، راجن پور میں آزاد 28 اور تحریک انصاف نے 19، لیہ میں آزاد 32امیدواروں نے مسلم لیگ(ن)25 ، بہاول پور میں مسلم لیگ(ن) 76 جبکہ آزاد امیدوراوں نے 38 نشستوں میں کامبابی حاصل کی۔ سیالکوٹ میں آزاد 43 جبکہ مسلم لیگ نے 27 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔