خبردار!ملک سے جانے والے پہلے یہ کام ہر صورت کر لیں!سعودی حکومت نے غیر ملکیوں کو واضح ہدایات دے دیں

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک کام ایسا ہے جو سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کو ملک چھوڑنے سے قبل سرانجام دے لینا چاہیے ورنہ کسی بڑے نقصان یا عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ کام اپنا بینک اکاؤنٹ بند کروانا ہے۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خدشے کے باعث سعودی وزارت داخلہ نے تارکین وطن کو وارننگ دی ہے کہ ملک چھوڑنے سے قبل وہ اپنا بینک اکاؤنٹ بند کر کے جائیں، کیونکہ اگر اکاؤنٹ کھلا ہو تو اس سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کیے جانے کا احتمال ہوتا ہے۔وزارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے بینک اکاؤنٹس جن کے مالک ریاست میں موجود نہیں ہوتے وہ فراڈ کرنے والوں کا آسان ہدف بن جاتے ہیں اور ان سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کیے جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔
سکیورٹی امور کے ماہر نائف المروانی کا کہنا تھا کہ غیرملکی جو اپنا اکاﺅنٹ کھلا چھوڑ جاتے ہیں اس سے الیکٹرانک طریقے سے انفرادی طور پر دہشت گردوں کی معاونت کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون جیسے واقعے میں بھی ایسے ہی دہشت گردوں کی مالی معاونت کی گئی تھی۔ کیونکہ بینک کا مالک ملک سے باہر جا کر کسی کو بھی اپنی رقم منتقل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ہیکرز اور جعل ساز بھی ایسی حرکت کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنی اولین ترجیح کے طور پر تارکین وطن کو پابند کرنا ہوگا کہ وہ ملک چھوڑنے سے قبل اپنا اکاﺅنٹ بند کر کے جائیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ تارکین وطن کے ایگزٹ ویزے کو ان کے بینک اکاﺅنٹ کی بندش سے مشروط کر دیا جانا چاہیے۔