صوبہ بھر کے وائلڈلائف پارکس میں تفریحی سہولیات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ

صوبہ بھر کے وائلڈلائف پارکس میں تفریحی سہولیات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس نے شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں قائم اپنے زیر انتظام وائلڈلائف پارکس میں مختلف نوعیت کی تفریحی سہولیات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ وائلڈلائف پارکس کو مزید پرکشش بنانے سے نا صرف شائقین کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ ان میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے تحفظ کا شعور بھی بیدار کرنے میں مدد ملے گی ۔وائلڈلائف پارکس کے تمام انچارج افسران کو ایک ہفتہ میں کے اندر اپنی سفارشات تیار کرکے ہیڈ آفس جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ثناء اللہ کی زیر صدار ت اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن ظفر الحسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلسٹی عامر مسعود ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مدثر حسن کے علاوہ صوبہ بھر کے ریجنل افسران نے شرکت کی۔

ڈی جی وائلڈلائف نے مختلف تفریحی اور انتظامی اقدامات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں افراد اوراداروں کوپارکس میں موجود جنگلی جانوروں کوگود لینے پر راغب کیا جائے جس سے عوام میں جنگلی حیات کی اہمیت اورافادیت اجاگرکرنے میں مدد ملے گی۔پارکس میں گھڑ سواری اوراونٹ سواری جیسی بچوں کی پسندیدہ تفریحی سرگرمیوں کا فوری انتظام اور جنگلی جانوروں کے کرتب پر مبنی شوز کا انعقاد کیاجائے۔ ثنا ء اللہ نے مزید کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ اوران کی اہمیت سے متعلق تقریری اور مصوری کے مقابلوں کا اہتمام تواتر سے ہونا چاہیے۔انہوں نے پارکس کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ پارکس میں موجود جنگلی جانوروں اورپرندوں کے بارے میں معلوماتی لٹریچر کے بروشرز تیار کرواکے سیرکیلئے آنیوالے افراد خصوصاً بچوں میں تقسیم کئے جائیں تاکہ آنیوالی نسل میں بھی جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کا جذبہ اوراحسا س پیدا ہو۔