خواتین کو با اختیار بنا کر ہی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوا جا سکتا ہے، اعجاز عالم

خواتین کو با اختیار بنا کر ہی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوا جا سکتا ہے، اعجاز عالم

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا ہے کہ عوام کی بہت سی امیدیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے وابستہ ہیں کہ خواتین کو انکا جائز مقام کا حصول یقینی بنایا جائیگا اور خواتین کو ہر لحاظ سے با اختیار بنا کر ہی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور،قصور اور اوکاڑہ میں خواتین ڈپٹی کمشنرز کا کام کرنا خواتین کیلئے قابل فخر بات ہے۔ پنجاب حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے ساتھ پنجاب بھر میں خواتین بالخصوص بچیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے خلاف 16روزہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب کا اہتمام سرچ فار جسٹس،آسٹریلین ہائی کمیشن اور نیشنل کمیشن آف ہیومن رائٹس کے اشتراک سے پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی عمارت میں کیا گیا۔تقریب میں پاکستان میں ڈپٹی آسٹریلین ہائی کمشنربریک بٹلے ، پی ٹی آئی رہنما سمیرا احمد بخاری،مسرت جمشید چیمہ،نیلم حیات خان،فاطمہ خان،زہرا عباس،میڈیا پرسن اسداللہ خان، ریجنل ڈائریکٹرانسانی حقوق لبنیٰ منصور،ایگزیکٹوڈائریکٹر سرچ فار جسٹس افتخار مبارک اورلاہور کے مختلف کالجز کی لڑکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تمام مقررین نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ ملتان میں خواتین کے داد رسی سینٹر کو مزید اضلاع میں بڑھایا جائے اور پنجاب اسمبلی میں مزید قوانین اور سزاؤں میں اضافہ کو بڑھایا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کی تقریب میں جو تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ واقعی ہی قابل عمل ہیں اور ان پر ضرور مزید کام کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ سرچ فار جسٹس ، آسٹریلین ہائی کمیشن کے اشتراک سے اساتذہ اور لڑکیوں کو خواتین کے حقوق سے آگاہی کے پروگرام کا آغاز کر رہا ہے جو یقینی طور پر حکومتی ترجیحات کے مطابق لڑکیوں کی با اختیاری یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب کے اختتام پر انتظامیہ اور مہمانوں میں اسناد وغیرہ کی تقسیم کی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -