ویٹرنری یونیورسٹی میں اجلاس، سیکرٹری لائیو سٹاک کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ

ویٹرنری یونیورسٹی میں اجلاس، سیکرٹری لائیو سٹاک کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ

  

لاہور( جنرل رپورٹر )صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ تمام جاری منصوبہ جات کو کارآمد بنا کر غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دیہی خواتین کی معاشی حالت بہتر بنائی جائے گی۔یہ بات انھوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزمیں محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک احسن وحید ، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر لائیو سٹاک کو مختلف ترقیاتی منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی گئیں۔ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹیٹوٹ راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے عوام نے بتایا کہ اس منصوبہ کے تحت 25لاکھ مرغیاں خواتین وحضرات کو فراہم کی جائیں گی۔اس منصوبہ کا مقصد دیہی مرغبانی کی ترویج اور فروغ کے ذریعہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی معاشی حالت سدھارنا ہے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ حکومت عوام کی صحت اور معیشت کی بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی ۔

نیز محکمہ لائیو سٹاک کو اپنی کارکردگی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پروڈکشن ڈاکٹر نعیم کنور نے کٹڑوں کو فربہ کرنے کے منصوبہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تین سالہ دورانیہ کے منصوبہ میں 7لاکھ کٹڑوں کو فربہ کیا جائے گا۔اس منصوبہ کا مقصد لائیو سٹاک فارمرز کو فعال اور متحرک کر کے حیوانی لحمیات کی کمی پہ قابو پانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کوبہتر بنانا ہے۔اس موقع پر وزیرلائیو سٹاک نے کہا کہ حکومت بیف انڈسٹری کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے ہدایات جاری کی کہ تمام جاری منصوبہ جات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر لائیو سٹاک نے اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام مفید اور کارآمد منصوبہ جات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -