انسان ہمت سے معذوری کو شکست دے سکتا ہے،چودھری اخلاق

انسان ہمت سے معذوری کو شکست دے سکتا ہے،چودھری اخلاق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر پنجاب برائے خصوصی تعلیم چوہدری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ معذوری کمزوری نہیں ہے اور انسان ہمت سے معذوری کو بھی شکست دے سکتا ہے ہمیں خصوصی افراد کی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں ان سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبلڈ کے اشتراک سے خصوصی تعلیم میں تحقیق‘ کے موضوع پرالرازی ہال میں دوسری قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس میں چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈاکٹر ناصرہ جبیں، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، ڈاکٹر حمیرا بانو، ڈاکٹر عبد الحمید، ڈاکٹر اظہار ہاشمی،سکالرز، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ ہمیں معذور افراد کی خدمت عبادت سمجھ کر کرنی چاہیئے۔ ہم سب کا اخلاقی، معاشرتی اور مذہبی فریضہ ہے کہ ہم جسمانی یا ذہنی معذور افراد کو کو اس قابل بنائیں کہ وہ ناصرف اپنے روز مرہ کے کام کر سکیں بلکہ قومی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کے ساتھ حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کا سپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اساتذہ کواس احوالے سے تربیت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سو روزہ پلان میں محروم طبقہ کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے خصوصی افراد کے لئے نئے اداروں کا قیام اور پہلے سے موجو اداروں میں مزید سہولیات کی فراہمی اسی منصوبہ کی ایک کڑی ہے۔پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن کے 292خصوصی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں۔ جبکہ 562 ملین کی لاگت سے پنجاب مختلف اضلاع میں 14 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اسکے علاوہ رحیم یار خان، سرگودھا اور وہاڑی میں سپیشل انسٹیٹیوٹ کو مڈل سے سیکنڈری کا درجہ دیا گیا ہے۔ حکومت رواں سال 19اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن کے19اداروں کو 35 نئی بسیں فراہم کرے گی اس مقصد کے لئے 200ملین مختص کئے گئے ہیں۔ مقررین نے اپنی سفارشات میں خصوصی افراد کی شراکت داری اور تربیت کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔